منگلورو20/اگست (ایس او نیوز) دو دن دن پہلے لٹیروں اور جعلسازوں کی ایک ٹولی کے قبضے سے منگلورو پولیس نے ایسی کار ضبط کی تھی جس پر نیشنل کرائم انویسٹی گیشن بیوریو، گورنمنٹ آف انڈیا لکھا ہوا تھا۔اب مزید ایک مشکوک کار کو پولیس نے اپنے قبضے میں لیا ہے۔ جس پر بھی گورنمینٹ آف انڈیا لکھا ہوا ہے۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دہشت گردانہ حملے کے امکانات کی وجہ سے جاری کیے گئے ریڈالرٹ کی وجہ سے پولیس موٹر گاڑیوں کی کڑی نگرانی کررہی ہے۔ اسی طرح کی چیکنگ کے دوران پولیس کی نظر ایک ایسی کار پر پڑی جس پر پنجاب کے رجسٹریشن والی نمبر پلیٹ لگی تھی اور اس پر گورنمینٹ آف انڈیا بھی درج تھا۔ پولیس نے کار کو روکنے کے بعد کار میں موجود ڈرائیور اور دوسرے شخص سے تفتیش کی اور نمبر پلیٹ کا گہرائی سے جائزہ لیاتو کچھ شکوک پیدا ہوگئے۔ اس وجہ سے پولیس نے کار کو اپنی قبضے میں لیتے ہوئے مزید تحقیقات کے لئے برکے پولیس اسٹیشن کے حوالے کردیا۔
پولیس کے ذرائع کے مطابق اس کار کے سلسلے میں پوری طرح تحقیقات کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جاسکے گی۔